پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا ہوگا جلد آغاز، چھ کیلومیٹر روٹ پر ہوں 5 اسٹیشن: این وی ایس ریڈی کا اعلان

حیدرآباد میں ​​میٹرو ٹرین کو پرانے شہر تک توسیع دی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق کے سی آر حکومت نے اس کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ فی الحال حیدرآباد میٹرو ٹرین تین کاریڈور کے تحت چل رہی ہے اب تلنگانہ حکومت نے اسے پرانے شہر تک توسیع دینے کا حکم دیا ہے۔ اب بہت جلد پرانے شہر میں بھی میٹرو ٹرین دوڑے گی۔

اطلاعات کے مطابق سی ایم کے سی آر نے ایل اینڈ ٹی اور میونسپل ڈپارٹمنٹ کو مہاتما گاندھی بس اسٹانڈ سے فلک نما (تقریباً 5.5 کیلو میٹر) تک میٹرو ریل کی تعمیر کا کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ کی جانب سے پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کے لیے مشق کا آغاز کیا گیا۔

میٹرو ریل کے ایم ڈی این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر میٹرو کی تعمیر سے متعلق اراضی کے حصول کے لیے نوٹس جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایم جی بی ایس سے فلک نما تک میٹرو ٹرین کےلئے تعمیری کاموں کا بہت جلد آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل روٹ پر پانچ اسٹیشن سالارجنگ میوزیم، چارمینار، شاہ علی بنڈی، شمشیر گنج، فلک نما ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرانے شہر روٹ پر 103 مذہبی ڈھانچے ہیں جبکہ صرف چار مقامات پر کچھ مسائل پیش آرہے ہیں جسے بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ پرانے شہر میں میٹرول ریل کے کاموں کے بعد میٹرو ریل روٹ میں توسیع ہوکر تقریباً 75 کیلومیٹر تک ہوجائے گی۔

اس روٹ پر میٹرو کے لیے 103 مذہبی ڈھانچے کو ہٹانا ہے۔ اس میں مساجد، مندر، درگاہیں اور سات قبرستان شامل ہیں۔ حکام کئی ڈھانچوں کو گرائے بغیر سڑک کو 80 فٹ تک چوڑا کرکے اس روٹ پر میٹرو کا کام شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں