کیا چارمینار سے موجودہ ایم ایل اے ممتاز احمد خان صاحب سیاست سے سنیاس لے رہے ہیں؟ ایک آڈیو کلپ اس وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے جس میں ممتاز احمد خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
آڈیو کلپ میں مجلس کے رہنما ممتاز احمد خان نے ایک کالر کو جواب دیتے ہوئے سنسنی خیز انکشاف کیا۔ انہیں یہ کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ 35 سال سے سیاست میں ہیں اور چھ بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں اور اب انہوں نے سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ممتاز احمد خان کے وائرل آڈیو کلپ فی الحال حیدرآباد کے پرانے شہر میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ متعدد دہائیوں سے سیاست میں سرگرم رہنے کے بعد اب ممتاز احمد خان نے اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ احمد خان کی آڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد ان کے چاہنے والے بھی چونک گئے۔ اطلاعات کے مطابق ممتاز احمد خان کے حامیوں کی جانب سے انہیں اپنے فیصلہ کو واپس لینے پر زور دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ممتاز خان نے باضابطہ طور پر سیاست سے ریٹائرمنٹ کا کوئی اعلان نہیں کیا۔
نوٹ: دکن فائلز کی جانب سے اس آڈیو کلپ کی حقیقت کی تصدیق نہیں کی جاتی۔