یکساں سول کوڈ معاملہ پر تلگودیشم پارٹی مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے، چندرابابو نائیڈو کا اعلان

مرکز حکومت کی ملک بھر میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی کوششوں کی وجہ سے مسلمانوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے ملک کی مختلف علاقائی پارٹیوں پر بھی مسلمانوں کی جانب سے یو سی سی کے خلاف موقف اختیار کرنے کےلئے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ آندھراپردیش میں بھی مسلمانوں کی جانب سے وائی ایس آر سی پی اور تلگودیشم پر اس معاملہ میں دباؤ بنایا جارہا ہے۔

آج تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو و سابق وزیراعلیٰ نے مسلم رہنماؤں سے ملاقات کی اور یو سی سی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وفد کو یہ تیقن دیا کہ تلگودیشم پارٹی کبھی بھی مسلم کمیونٹی کے جذبات کے خلاف کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ یکساں سول کوڈ پر مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آندھراپردیش کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام و مسلم رہنماؤں نے اقلیتی قائدین کے ساتھ آج ٹی ڈی پی کے مرکزی دفتر میں پارٹی سربراہ چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی اور مرکز کے ذریعہ یو سی سی پر لائے جانے والے بل کی مخالفت کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے یکساں سول کوڈ سے متعلق اپنے اعتراضات سے صدر تلگودیشم کو واقف کروایا۔

چندرا بابو نے انہیں یقین دلایا کہ ٹی ڈی پی کبھی بھی مسلمانوں کے جذبات کے خلاف کام نہیں کرے گی۔ چندرا بابو نے یونیفارم سیول کوڈ پر مسلمانوں کے مطالبہ کو کو قبول کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی نے ہمیشہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔ اس معاملہ پر بھی تلگودیشم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ چندرا بابو نے کہا کہ ٹی ڈی پی بل کے تعلق سے اقلیتی برادری کی رائے کا احترام کرے گی۔

اس موقع پر چندرا بابو نے شرعی قوانین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں خواتین کو جائیداد کا 1/3 حصہ دینے کا حکم ہے۔ چندرا بابو نے کہا کہ این ٹی آر نے جائیداد میں خواتین کو مساوی حق دینے سے متعلق قانون بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں