سپریم کورٹ نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (HCA) اور نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (NDCA) کے درمیان تنازعہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ توہین عدالت نوٹس کے خلاف اظہر الدین کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کردیا۔
توہین عدالت نوٹس معاملہ میں سپریم کورٹ نے اظہرالدین کی جانب سے دائر عرضی مسترد کردیا۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ یہ صرف توہین عدالت کی ایک نوٹس کے خلاف عرضی داخل کی گئی۔ اس مرحلے پر درخواست پر غور نہیں کیا جاسکتا۔ معزز ججس بی آر گوائی اور پرشانت کمار مشرا پر مشتمل بنچ اس مرحلے پر اظہر الدین کی عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا۔
معزز جج نے اظہرالدین کے وکیل سے پوچھا کہ ’کیا تم نے توہین کی ہے؟‘ وکیل نے بنچ کو مطلع کیا کہ رٹ پٹیشن تلنگانہ ہائی کورٹ کوآرڈینیٹ بنچ کے سامنے زیر التوا ہے اور ان کی ایک ساتھ سماعت کی جانی چاہئے۔
واضح رہے کہ نلگنڈہ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے 2021 میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں انہیں HCA کے زیراہتمام لیگ میچوں میں شرکت کی اجازت دینے کی ہدایت کی درخواست کی گئی تھی جبکہ اظہر الدین نے نلگنڈہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں کے رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی تھی۔ اس کے بعد تلنگانہ ہائی کورٹ نے اظہر الدین کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔