حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں آج ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہادر پورہ پولیس نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس جانچ میں پتہ چلا کہ اس نے حیدرآباد شہر کی ایک خاتون سے شادی کی اور کشن باغ میں رہ رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بہادر پورہ پولیس حدود میں رہنے والی ایک خاتون کے دو بچے ہیں، وہ کچھ سال قبل روزگار کے سلسلہ میں دبئی گئی تھیں۔ وہاں اس کی ملاقات پاکستانی شخص فیاض سے ہوئی اور ان دونوں نے شادی کرلی۔ کچھ سالوں تک دونوں وہیں کام کرتے رہے۔ پولیس نے ایک اور سنسنی خیز انکشاف بھی کیا کہ خاتون نے پہلے شوہر سے طلاق نہیں لی تھی۔
دریں اثنا گزشتہ سال خاتون دبئی سے حیدرآباد واپس آگئی، جبکہ فیاض کچھ دن بعد اپنے ملک پاکستان چلا گیا۔ تاہم دونوں میں فون پر بات ہوا کرتی تھی۔ بعدازاں فیاض، پاکستان سے نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بہار میں داخل ہوا اور حیدرآباد پہنچا۔ فیاض کشن باغ علاقہ میں خاتون کے ساتھ رہ رہا تھا۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں کو پتہ چلا کہ فیاض پاکستان سے غیرقانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوا تھا جس کے بعد پولیس کو الرٹ کردیا گیا۔ پولیس نے آج فیاض کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی۔


