حیدرآباد کے پرانے شہر میں آوارہ کتے کے حملہ میں پانچ سالہ لڑکا شدید زخمی، خوفناک واقعہ کا ویڈیو وائرل (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا۔ ٹپہ چبوترہ میں ایک آوارہ کتے نے پانچ سالہ معصوم لڑکے پر حملہ کردیا۔ یہ خوفناک واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا جبکہ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹپہ چبوترہ میں ایک خاتون اپنے دو بچوں کے ساتھ گھر جارہی تھی کہ سڑک پر موجود ایک آوارہ کتے نے اچانک اس کے چھوٹے لڑکے پر حملہ کردیا اور گردن کترتے ہوئے لڑکے کو نیچے گرادیا۔ ماں نے فوری طور پر بچہ کو بچانے کی کوشش کی تاہم کتے نے خاتون پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایک مقامی شخص نے کتے کو پتھر سے مارتے ہوئے اسے وہاں سے بھگادیا۔

کتے کے حملہ میں پانچ سالہ معصوم لڑکا بری طرح زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر دواخانہ منتقل کیاگیا۔ واقعہ کس تاریخ کو پیش آیا، اس کی کوئی توثیق نہیں کی گئی تاہم آج یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کتے کے حملہ میں شدید طور پر زخمی لڑکے کی سرجری کےلئے تقریباً تین لاکھ روپئے کا خرچہ ہورہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں