حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پنجہ گٹہ میں واقع ایک ہوٹل میں بریانی کھانے آئے ایک شخص پر ہوٹل عملے نے حملہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجہ گٹہ کی ایک ہوٹل میں چندرائن گٹہ کے رہائشی لیاقت بریانی کھانے آئے اور یہاں اضافی دہی کا مطالبہ کرنے پر ان کا ہوٹل عملے کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔ ہوٹل عملے نے لیاقت کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔
بعدازاں پولیس نے ہوٹل پر پہنچکر لیاقت اور ہوٹل عملے کو پولیس اسٹیشن لے گئے، جہاں پوچھ تاچھ کے دوران اچانک لیاقت بیہوش ہوگئے۔ پولیس نے فوری طور پر لیاقت کو ہسپتال منتقل کیا جہاں علاج کے دوران لیاقت نے دم توڑ دیا۔
لیاقت کے رشتہ داروں نے پولیس پر لاپرواہی کا الزام عائدکیا۔ رشتہ داروں نے پولیس پر الزام عائدکیا کہ ’واقعہ کے فوری بعد شدید زخمی لیاقت کو ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لیاقت کی موت ہوگئی۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد مجلس اتحاد المسلمین کے ایم ایل سی مرزا رحمت بیگ نے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس حکام سے بات کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کر لیا۔ تحقیقات جاری ہے۔


