حیدرآباد میں سی ڈبلیو سی اجلاس ختم، تلنگانہ عوام پر کانگریس نے وعدوں کی بارش کردی: خواتین کیلئے مفت بس سرویس، دو سو یونٹ مفت بجلی، پانچ سو روپئے میں گیس سلنڈر، بزرگوں کیلئے 4 ہزار پنشن، نوجوانوں کیلئے پانچ لاکھ تعلیمی انشورنس کارڈ و دیگر ضمانتیں شامل

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے تاج کرشنا ہوٹل میں دو دنوں سے جاری کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ دو دن تک کانگریس پارٹی نے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور و خوص کیا۔ کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ وہ تلنگانہ میں تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے۔ سی ڈبلیو سی نے تلنگانہ کے عوام سے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔

کانگریس ذرائع نے بتایا کہ دو روزہ اجلاس میں تلنگانہ سمیت پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور اگلے سال ہونے والے عام انتخابات کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر گہرائی سے غور و خوص کیا گیا۔ سی ڈبلیو سی نے تلنگانہ کے عوام سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس نے سنہرے تلنگانہ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور ان امیدوں کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے عوام سے کہا ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میں صرف کانگریس پارٹی کو ہی ووٹ دیں۔

کانگریس نے کرناٹک طرز کی پالیسی اپناتے ہوئے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کانگریس نے کرناٹک میں دیے گئے پانچ وعدوں میں ایک اور کا اضافہ کرکے تلنگانہ کے عوام سے چھ وعدے کیے ہیں۔

کانگریس نے خواتین، کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں اور بزرگوں کے لیے چھ ضمانتوں کے تحت کل 10 وعدے کئے ہیں۔ مہالکشمی اسکیم کے تحت کانگریس نے خواتین کے لیے مفت بس سفر، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور خاندان کی خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے کی مالی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ نیز گرہاجیوتی اسکیم کے تحت 200 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔ رعیتو بھروسہ کے تحت کسانوں کو 15000 روپے سالانہ کی امداد، زرعی مزدوروں کے لیے 15000 روپے سالانہ اور چاول کی فصل کے لیے 500 روپے فی کوئنٹل کسانوں کو بونس کے طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے اندراما انٹی اسکیم کے تحت مکان کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپے کی مالی مدد اور یووا وکاس اسکیم کے تحت طلباء کو 5 لاکھ روپے کا تعلیمی انشورنس کارڈ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کانگریس نے شیوتھا نامی اسکیم کے تحت بزرگوں کو 4 ہزار روپے پنشن فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں