سپریم کورٹ نے چندرابابو نائیڈو کی عرضی پر فوری سماعت سے انکار کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) تلگودیشم پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ سپریم کورٹ نے آج ان کی عرضی پر فوری سماعت کرنے سے انکار کردیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے سپریم کورٹ میں اسکیل ڈیولپمنٹ اسکام سے متعلق ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے عرضی داخل کی تھی تاہم آج ان کی عرضی پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ نے کہاکہ کل تذکرہ والی فہرست میں آئیے، ہم دیکھتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔

چندرابابو نائیڈو کی طرف سے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا نے عدالت سے فوری سماعت کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ چندرابابو نائیڈو گذشتہ 8 ستمبر سے حراست میں ہیں۔ انہوں نے اس کاروائی کو آندھراپردیش میں اپوزیشن پر لگام لگانے کی کوشش قرار دیا۔

واضح رہے کہ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے گذشتہ 22 ستمبر کو چندرابابو نائیڈو کی عرضی کو خارج کردیا تھا جس کے بعد نائیڈو نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں