برطانیہ میں حیدرآبادی شخص کا قتل، محمد خواجہ رئیس الدین بیٹی کی شادی کےلئے بہت جلد حیدرآباد آنے والے تھے

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ محمد خواجہ رئیس الدین کا برطانیہ میں قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رئیس الدین کو برطانیہ کے شہر لیڈز میں ہل ٹاپ ماؤنٹ پر چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا۔ یوگانڈا سے تعلق رکھنے والے 46 سالہ شخص نے ان رئیس الدین اور ایک افغان شہری پر حملہ کرکے دونوں کو ہلاک کردیا۔

ویسٹ یارکشائر پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں یوگانڈا کے ایک شخص اور اس کے ساتھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قتل کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کےلئے تفتیش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق رئیس الدین پر اس وقت چاقو سے حملہ کیا گیا جب وہ افغان شخص کی یوگانڈا کے شخص کے درمیان لڑائی میں مداخلت کرتے ہوئے صلح کرانے کی کوشش کی۔

رئیس الدین 2011 سے لندن میں تھے، وہ اپنی بیٹی کی شادی کےلئے بہت جلد حیدرآباد آنے والے تھے۔ پسماندگان میں ان کی اہلیہ کے علاوہ ایک فرزند اور ایک لڑکی ہے۔ لڑکی کی شادی 5 اکتوبر کو مقرر تھی۔

مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان نے رئیس الدین کے قتل پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت ہند سے خواجہ رئیس الدین کی لاش کو ہندوستان لانے کےلئے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر پر زور دیا کہ وہ اس مشکل وقت میں خاندان کی مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں