ملک میں آبادی پر قابو پانے کے لیے مودی حکومت آبادی پر کنٹرول کا قانون لانے کی تیاری کررہی ہے۔ فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے وزیر پرہلاد پٹیل نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آبادی پر قابو پانے قانون بنانے کےلیے مرکزی حکومت کی جانب سے بہت جلد بل لایا جائے گا۔
مرکزی وزیر پرلہاد سنگھ پٹیل آئی سی اے آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹک اسٹریس مینجمنٹ، برونڈا کے ’غریب کلیان سمیلن‘ میں شرکت کے لیے رائے پور آئے تھے، جہاں انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کےلیے اقدامات کئے جائیں گے۔
آبادی پر قابو کے قانون سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’آپ فکر نہ کریں جلد ہی بل لایا جائے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے جب اتنے بڑے برے فیصلے لیے جاچکے ہیں تو اس سلسلہ میں بھی جلد فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے چھتیس گڑھ میں کانگریس کی حکومت پر بھی تنقید کی۔
واضح رہے کہ ریاست آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت سرما نے گذشتہ سال آبادی پر کنٹرول کے لیے ’پاپولیشن کنٹرول آرمی‘ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق آسام، اترپردیش اور بہار میں آبادی پر کنٹرول کے لیے نیا بل لانے کی تیاریوں میں تیزی لائی جارہی ہے۔