اسرائیل کی پھر سے شدید بمباری، غزہ کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا، بڑی تعداد میں شہادتوں کا خدشہ

اسرائیلی فورسز نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہادتوں اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہونے سے غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل کٹ گیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری شروع کردی ہے، جس کی نتیجے میں غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔

الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیارے بمباری کررہے ہیں جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ لگی نظر آرہی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگری نے کہا کہ آج کی رات ہماری فورسز غزہ میں زمینی آپریشن کا دائرہ بڑھا رہی ہیں، جس کے تحت مختلف علاقوں میں شدید بمباری بھی کی جائے گی۔ اسرائیل غزہ کوصفحہ ہستی سے مٹانے پرتل گیا، زمینی فوج غزہ میں داخل، سمندر میں موجود بحریہ کی کشتیوں اور طیاروں سے اب تک کی سب سے زیادہ تباہ کن بمباری جاری ہے۔

غزہ پراسرائیلی بمباری سے مزید 300 فلسطینی شہید ہوگئے، اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کے 53 اہلکاروں سمیت شہدا کی مجموعی تعداد ساڑھے 7 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔ اقوام متحدہ کے ریلیف ایجنسی کے 15 اہلکار صرف ایک ہی روز میں مارے جا چکے ہیں، جبکہ اب تک مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے باعث مختلف مقامات پر دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہے جبکہ کئی مقامات پر آگ بھڑکنے کے سبب دھوئیں کے بادل آسمان کی جانب بڑھتے نظر آرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں