باحجاب مسلم خواتین پر نیدرلینڈز پولیس کا دل دہلا دینے والا تشدد، مدد کو آنے والا شخص بھی گرفتار (انتہائی خوفناک وائرل ویڈیو ضرور دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) نیدرلینڈز میں پولیس کی جانب سے انسانی حقوق اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی کا ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شہر یوٹرچ میں دو باحجاب مسلم نوجوان خواتین کو سرِعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ ان کی مدد کے لیے آگے آنے والے ایک مرد کو بھی مارپیٹ کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیر کے روز یوٹرچ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے متصل Hoog Catharijne شاپنگ سینٹر کے قریب پیش آیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ برقعہ پہنے ایک مسلم خاتون کو پولیس اہلکار طنزیہ انداز میں ہنستے ہوئے بازو سے پکڑ کر لے جا رہا ہے، جبکہ دوسری خاتون اس رویہ کو کیمرے میں محفوظ کرنے لگتی ہیں۔

ویڈیو بنائے جانے پر پولیس اہلکار شدید برہم ہو جاتا ہے اور دوسری خاتون کی طرف پلٹ کر انہیں لات مارتا ہے، جس کے نتیجہ میں وہ زمین پر گر جاتی ہیں۔ جب پہلی خاتون اپنی ساتھی کو بچانے کے لیے آگے بڑھتی ہیں تو پولیس اہلکار انہیں چھڑی سے مارنا شروع کر دیتا ہے۔ اس دوران دونوں خواتین درد اور خوف کے عالم میں مدد کے لیے چیختی رہیں۔

خواتین کی چیخ و پکار سن کر ایک مرد نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی، مگر پولیس اہلکاروں نے اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کر لیا۔ متاثرہ خواتین نے اپنے وکیل انیس بومنجل کے ذریعہ متعلقہ پولیس اہلکار کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسر نے خواتین کو نفرت انگیز جملے کہتے ہوئے یہ الفاظ بھی ادا کیے: “تم اس ملک کی نہیں ہو۔”

یہ الفاظ وائرل ویڈیو میں بھی واضح طور پر سنے جا سکتے ہیں۔ تاہم مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے اپنے اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کے بجائے الٹا دونوں مسلم خواتین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں ان پر پولیس اہلکار کی توہین اور تفتیش میں عدم تعاون کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

واقعہ نے نیدرلینڈز میں اقلیتوں، بالخصوص مسلم خواتین کے تحفظ اور پولیس کے رویہ پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے شفاف تحقیقات اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں