حیدرآباد (دکن فائلز) یونائیٹڈ مسلم فورم نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فورم کے ذمہ داروں نے آج پارٹی کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ ’تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اقلیتوں کے حالات میں بہتری آئی ہے‘، جس کےلئے کے سی آر حکومت کی تعریف کی گئی۔
فورم کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاست میں اقلیتی بہبود سے متعلق مختلف اسکیمیوں سے اقلیتوں کو کافی فائدہ ہورہا ہے۔ اقامتی اسکولوں کا قیام، شادی مبارک و دیگر اسکیموں کی سراہنا کی گئی۔ فورم کی جانب سے کے ٹی آر کو ایک میمورنڈم بھی دیا گیا جس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کےلئے مزید ضروری اقدامات سے متعلق مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے بغیر کسی بھید بھاؤ کے لوگوں کی ترقی کےلئے کام کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست کو کرفیو سے پاک بنایا گیا۔ کے ٹی آر نے انتخابات میں بی آر ایس کی تائید و حمایت کرنے پر یونائیٹڈ مسلم فورم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ انتخابات میں بھی یونائیٹڈ مسلم فورم نے بی آر ایس کی تائید کی تھی لیکن بی آر ایس نے متعدد موقعوں پر مودی حکومت کی تائید کی تھی جس کے بعد تلنگانہ کے مسلمانوں نے فورم پر غصہ کا اظہار کیا تھا۔ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے نوٹ بندی کی تائید کی تھی جبکہ تین طلاق بل پر بی آر ایس نے لوک سبھا سے واک آوٹ کرکے درپردہ این ڈی اے حکومت کی تائید کی تھی۔ اس کے علاوہ ریاست میں بھی مسلم مسائل پر کے سی آر حکومت کی دوغلی پالیسی کو لیکر مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
آلیر انکاونٹر، متعدد مساجد کی شہادت و دیگر واقعات ایسے زخم ہے جسے تلنگانہ کے مسلمان کبھی بھی نہیں بھول سکتے۔


