فلسطینی رہنما لائیو انٹرویو کے دوران گرفتار، اسرائیلی فوج نے حاملہ خاتون صحافی کو بھی حراست میں لے لیا

اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس سے فلسطینی سیاسی جماعت الفتح کے رہنما کو براہ راست انٹرویو کے دوران گرفتار کر لیا جبکہ صیہونی فورسز نے مغربی کنارے سے ایک حاملہ خاتون صحافی کو بھی حراست میں لے لیا۔

فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الفتح رہنما رفت اولیان کو ٹی وی پر لائیو انٹرویوکے دوران گرفتار کر لیا، رفت اولیان مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے گھر میں میڈیا کو لائیو انٹرویو دے رہے تھے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر توبس سے خاتون صحافی کو بھی گرفتار کر لیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق فلسطینی خاتون صحافی سمیہ جوابریح کو توبس میں الفارع کیمپ سے گرفتار کیا گیا، خاتون صحافی سمیہ جوابریح 7 ماہ کی حاملہ ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور صیہونی فورسز نے چھاپوں کے دوران فلسطینی حکومت کے ایک مشیر کو گرفتار کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں