تلنگانہ انتخابات: کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کردیا، پہلے سال دو لاکھ نوکریوں کا وعدہ

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کانگریس نے آج اپنا انتخابی منشور جاری کردیا۔ کانگریس نے تلنگان انتخابات کےلئے اپنے منشور کے تحت جاب کیلنڈر بھی جاری کیا اور عوامی بہبود و فلاح کےلئے متعدد وعدے دیئے۔

کانگریس کے منشور میں ریاست کے عوام کی ترقی کے لیے 37 وعدے کئے گئے جس میں تلنگانہ میں تشکیل حکومت کے پہلے سال 2 لاکھ خالی آسامیوں کو پر کرنے کا وعدہ بھی شامل ہے۔ کانگریس نے یونین پبلک سرویس کمیشن (UPSC) کے خطوط پر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن (TPSSC) کی اصلاح کے لیے ایک نیا قانون نافذ کرنے اور بسارا IIIT کی طرح تلنگانہ میں چار مزید IIITs قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

تلنگانہ کانگریس نے تمام محکموں میں اسامیوں کے ساتھ سالانہ جاب کیلنڈر جاری کرنے کا وعدہ کیا ہے جس کے تحت ہر سال 2 جون تک جاری کیا جائے گا اور 17 ستمبر تک بھرتیاں مکمل کی جائیں گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) کے لیے کانگریس نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے تحفظ اور دیکھ بھال کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال میں بہتری کا وعدہ کیا ہے۔

شہر میں شدید بارشوں کے درمیان سیلاب کے مسائل کو حل کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ کے نظام کو جدید ترین بناتے ہوئے سیلاب جیسی صورتحال سے نجات دلانے کا وعدہ کیا گیا۔ بی سی اور اقلیتی برادریوں کے لیے جو وعدے پہلے جاری کیے گئے تھے ان کا بھی تلنگانہ کے لیے چھ ضمانتوں کے ساتھ کانگریس پارٹی کے ریاست گیر منشور میں اعادہ کیا گیا۔

کانگریس نے اپنے منشور میں موجودہ بی آر ایس حکومت کی گزشتہ 10 سالوں میں لاگو کی گئی متعدد اسکیموں اور پالیسیوں کو نشانہ بنایا ہے جن میں دھرانی پورٹل، کالیشورم پروجیکٹ اور ٹی ایس پی ایس سی امتحانات پیپر لیک وغیرہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں