بی آر ایس-بی جے پی-مجلس ملکر ‘ناٹو ناتو’ ڈانس کررہے ہیں: پرینکا گاندھی

حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج تلنگانہ میں پارٹی کےلئے انتخابی مہم چلائی۔ اس موقع پر انہوں نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ آصف آباد میں منعقد وجئے بھیری سبھا سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت آنے پر جاب کیلنڈر دیا جائے گا، جس میں امتحان کی تاریخیں اور نتائج کے اعلان کی تاریخیں جاب کیلنڈر میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کو 2 لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔

پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ تلنگانہ میں حکمراں بی آر ایس، بی جے پی اور ایم آئی ایم کی ملی بھگت ہے اور یہ تینوں ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان سمجھوتہ ہے، اسی لئے بی آر ایس نے کئی بار پارلیمنٹ میں این ڈی اے حکومت کی حمایت کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کے سی آر آپس میں ایک ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ اویسی ملک کی مختلف ریاستوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرتے ہیں لیکن تلنگانہ میں وہ 119 میں سے صرف 9 سیٹوں پر ہی مقابلہ کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں اویسی بی آر ایس کی حمایت کرتے ہیں اور دہلی میں پارلیمنٹ میں بی آر ایس، بی جے پی کی مرکزی حکومت کو ووٹ دے رہی ہے۔ یہ تینوں کی ملی بھگت ہے۔ آپ مجلس کو ووٹ دے رہے ہیں تو اس کا مطلب بی آر ایس کو ووٹ دینا ہے اور بی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے برابر ہے۔

اس موقع پر ، پرینکا گاندھی نے راجامولی کی معروف فلم ’آر آر آر‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ گانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بی جے پی، بی آر ایس اور ایم آئی ایم مل کر ’ناٹو، ناٹو‘ کر رہے ہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں