ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج کھیلے جارہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں فلسطینی حامی نوجوان میدان میں گھس گیا، جسے بعد میں سیکوریٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں فیلڈ میں گھسنے والے اس نواجن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے، جس نے فلسطین کے حق میں نعرے تحریر کئے ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔
یہ واقعہ 14ویں اوور کے دوران سامنے آیا، جب یہ نوجوان حفاظتی حصار سے بچ کر میدان میں داخل ہوگیا۔ اس کی ٹی شرٹ پر سامنے کی طرف ”فلسطین پر بمباری بند کرو“ اور پیچھے ”آزاد فلسطین“ کا نعرہ درج تھا۔ اور اس کے ماسک پر فلسطین کا جھنڈا بنا ہوا تھا۔
#INDvsAUSfinal #IsraelPalestineWar #Palestine_Genocide fan invaded world cup final . Stop bombing palestine written on tshirt pic.twitter.com/jEQT4ucFvi
— astra (@yuvastra) November 19, 2023
اس نے سفید ٹی شرٹ کے ساتھ سرخ شارٹس پہن رکھے تھے، جس میں فلسطین کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس نوجوان نے سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود پچ تک پہنچ کر ویرات کوہلی کو گلے لگا لیا۔
نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد کے گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر نوجوان کو میدان سے باہر نکالا اور بعد میں اسے حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد اس شخص نے بتایا کہ اس کا نام جان ہے اور وہ آسٹریلیا سے ہے۔
نوجوان نے کہا کہ وہ اس لیے میدان میں آیا کیونکہ وہ ویرات کوہلی سے ملنا چاہتا تھا، اور ٹی شرٹ اس لیے پہنی کیونکہ وہ فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔