حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انتخابی مہم شدت اختیار کرگئی ہے۔ تمام سیاسی پارٹیاں ووٹرس کو راغب کرنے کےلئے میدان میں کود پڑی ہیں۔ اس دوران سی نیکسٹ انتخابی سروے میں چونکادینے والے دعوے کئے گئے۔ سی نیکسٹ سروے کے مطابق تلنگانہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کلین سویپ کرنے جا رہی ہے… جبکہ بی آر ایس پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سروے میں پیشین گوئی کی گئی ہے کہ کانگریس کو کل 119 میں سے 91 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔
سی نیکسٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سروے تازہ ہے اور 21 نومبر کو ہی اسے ریاست کے تمام حلقوں میں منعقد کیا گیا تھا۔ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ لگاتار دو بار اقتدار حاصل کرنے والی بی آر ایس پارٹی صرف 14 سیٹوں تک محدود رہے گی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کو 5 سیٹیں ملیں گی اور ایم آئی ایم 4 سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل کرے گی۔ سروے میں یہ بھی بتایا گیا کہ 5 سے 6 سیٹوں پر سخت مقابلہ ہوگا۔
سروے کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر دو حلقوں سے بھی ہار رہے ہیں جن سے وہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ کے سی آر کو کاماریڈی میں ریونت ریڈی اور گجویل میں ایٹالہ راجندر سے شکست کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کریمنگر، نرسا پور، چیوڑلہ اور ملک پیٹ کے علاوہ سرسلہ جہاں سے کے ٹی آر مقابلہ کررہے ہیں ان حلقوں پر سخت مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔ سروے میں یہ بھی پیشین گوئی کی گئی ہے کہ بی ایس پی امیدوار اور سابق آئی پی ایس افسر پراوین کمار سرپور کی سے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔
سروے پر بی آر ایس اور بی جے پی رہنماؤں نے سوال اٹھائے ہیں۔ 3 دسمبر کو ہی حقیقت سامنے آئے گی کہ سروے میں کتنی صداقت ہے۔


