غزہ میں عارضی جنگ بندی کا آغاز کل صبح سے ہوگا، قطر کا اعلان

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی جمعہ کی صبح 7 بجے شروع ہوگی۔ دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ قطر ماجد الانصاری نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران حماس 50 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گا۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 13 یرغمالیوں کو جنگ بندی کے پہلے روز رہا کیا جائے گا، اسرائیل اور حماس نے یرغمال شہریوں کی فہرستیں قطر کو فراہم کر دیں۔ ترجمان کے مطابق عارضی جنگ بندی کے دوران مزید یرغمالیوں کی رہائی کےلیے بات ہوگی، انہوں نے مزید بتایا کہ جمعہ کے روز اسرائیل کی جانب سے رہا کیے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد معلوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘ایک خاندان سے تعلق رکھنے والے یرغمالیوں کو اکٹھے رہا کیا جائے گا’۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور 4 دنوں میں مجموعی طور پر 50 یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی معاہدے کا ناگزیر حصہ ہے اور ہمیں توقع ہے کہ رفاح کراسنگ سے جلد از جلد امداد کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس عارضی جنگ بندی کو طویل المعیاد معاہدے کی شکل دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں