غزہ: غزہ میں عارضی جنگ بندی کے دوسرے روز مزید قیدی رہا کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کی جانب سے آج مزید اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان 4 روزہ عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت گزشتہ روزحماس نے 24 جبکہ اسرائیل نے 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کے دفترسے جاری بیان کے مطابق حماس کی جانب سے آج رہا کیے جانے والے اسرائیلوں کی فہرست کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کی فضائی حدود میں طیارے کی موجودگی کے شبے میں شمالی علاقے میں سائرن بجا دئیے گئے۔
مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے 7 اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے 24 یرغمالیوں کو رہا کردیا جبکہ جواب میں اسرائیل نے اپنی جیلوں میں قید 39 فلسطینی بچوں اور خواتین کو آزاد کردیا۔ مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت 4 روزہ جنگ بندی کا آج باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
عارضی جنگ بندی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا ہے جو اگلے 4 روز یعنی منگل کی صبح 7 بجے تک جاری رہے گا۔ جنگ بندی کے دوران اسرائیل حماس معاہدے کے تحت قیدیوں کا تبادلہ کیا جانا ہے۔