تلنگانہ: انتخابی مہم کا اختتام، ریاست بھر میں دفعہ 144 نافذ، الیکشن کمشنر کے تازہ ہدایات

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگان میں انتخابی مہم کا موسم ختم ہوتے ہی الیکشن کمیشن نے ریاست بھر دفعہ 144 کو نافذ کردیا۔ جیسے ہی سیاست داں خاموش ہوگئے اب الیکشن کمیشن کی سرگرمیوں میں شدت آگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی الیکشن کمشنر وکاس راج نے کسی بھی سیاسی سرگرمی پر انتباہ دیا۔ انہوں نے فوری طور پر غیر مقامی افراد کو حلقوں سے چلے جانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں تک اب کسی طرح کی کوئی انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔

انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 کو نافذ کیا گیا ہے اب ایک ساتھ پانچ سے زائد افراد جمع ہونے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ختم ہونے کے آدھے گھنٹے کے بعد تک اکزٹ پولس پر پابندی عائد رہے گی۔

الیکشن آفیسر وکاس راج نے پولس کو نقدی اور شراب کی وصولی پر خصوصی نظر رکھنے کا مشورہ دیا اور 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کے ذریعہ نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ ای وی ایم لے جانے والی گاڑیوں میں جی پی ایس ہوتا ہے۔ پولنگ شروع ہونے سے 90 منٹ قبل فرضی پولنگ ہوگی۔ پرچیوں میں امیدواروں کے نام نہیں ہوں گے۔ پولنگ عملہ صبح 5.30 بجے اپنے اپنے مراکز پر موجود ہو۔

وکاس راج نے خبردار کیا کہ اگر ووٹروں کو گاڑیوں کی سہولت دی جائے گی تو سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ ای وی ایم کو ہاتھ نہ لگائیں۔ وکاس راج نے مزید کہا کہ ای وی ایم کی نقل و حرکت کے لیے ایک خصوصی روٹ میپ تیار کیا گیا ہے۔ ایک ووٹر اپنے پاس موجود 12 شناختی کارڈوں میں سے کوئی بھی دکھا کر ووٹ دے سکتا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں