حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کےلئے 30 نومبر کو ووٹنگ ہوگی تاہم آج شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا۔ حیدرآباد کشمنر سندیپ شنڈالیا نے ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ انتخابات کےلئے ضابطہ اخلاق نافد ہونے کے بعد حیدرآباد میں دو لاکھ گاڑیوں کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پارٹیوں کے قومی قائدین نے حیدرآباد کا دورہ کیا اور امیدواروں کےلئے انتخابی مہم چلائی۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے 7 زونز میں 1600 روڈی شیٹرز ہیں، جن پر کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے پولیس کو آئندہ 48 گھنٹے انتہائی چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے گڑبڑ کرنے یا امن میں خلل پیدا کرنے والوں کو خبردار کیا اور کہا کہ انتخابات کے دوران ماحول کو خراب کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ، ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں کے لیڈران سے کسی بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی و پرامن ماحول کو خراب کرنے سے متعلق معاملہ کی شکایت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شکایت پر پولیس کی جانب سے غیرجانبدارانہ انداز میں کاروائی کی جائے گی۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ حیدرآباد میں 666 حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، ان علاقوں میں پولیس کو الرٹ کردیا گیا۔ انہوں نے عوام کو کسی بھی طرح کی شکایت کےلئے ڈائل 100 پر کال کرنے کا مشورہ بھی دیا۔


