مسلمان اپنے جمہوری حق ووٹ کا استعمال ضرور کریں: مفتی محمود زبیر قاسمی

حیدرآباد (پریس نوٹ) مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے اپنے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنے جمہوری حق ووٹ کا استعمال ضرور کریں، کیونکہ دیکھا یہ جارہا ہے کہ مسلم علاقوں میں رائے دہی کا تناسب بہت کم ہوتا جارہا ہے۔ دوپہر تک بھی رائے دہی کا تناسب 20 تا 25فیصد ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ غفلت بہت ہی تباہ کن ہے۔ ووٹ مسلمانوں کا ہی نہیں بلکہ ہندوستان کے ہرشہری کا ایک بہت بڑا ہتھیار ہے۔ ووٹ جہاں ایک دستوری حق ہے وہیں ہم اپنے قائدین کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی کے دن رائے کا استعمال نہ کرنا یہ ایک بڑا جرم ہے۔ انہوں نے علاقہ جات کے ذمہ داروں اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ عوام میں ووٹ کیلئے شعور بیداری پیدا کریں اور ضعیف اور معذور افراد کیلئے پولنگ اسٹیشن تک پہنچنے کیلئے سواری کا انتظام کریں۔

مفتی محمود زبیر قاسمی نے عوام سے خواہش کی کہ اپنا ووٹ سیکولر جماعتوں کے حق میں کریں۔ اگر حق رائے دہی سے غفلت کی جائے گی تو اس ملک میں بدامنی اور اس ملک کی گنگا جمنا تہذیب کومتاثر کرنے والے لوگ اقتدار پر آجائیں گے۔ مفتی محمود زبیر قاسمی نے مزید کہا کہ حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں مسلمانوں کا رائے دہی کا تناسب انتہائی کم ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ صد فیصد رائے دہی کا تناسب ہونا چاہئے۔

انہوں نے ان تمام افراد جو18سال کے اوپر ہیں ان سے خواہش کی کہ وہ اپنے جمہوری حق کا ضرور استعمال کرتے ہوئے رائے دہی میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس ووٹر آئی ڈی کارڈ نہیں ہے تو وہ اپنے دیگر شناختی کارڈ جیسے آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائیسنس،پیان کارڈ، پاسپورٹ وغیرہ کا استعمال کرتے ہوئے ووٹ ڈال سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ رائے دہی کے دن صبح کی اولین ساعتوں میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں