اسرائیلی ٹھکانوں پر حزب اللہ کا تین بڑا حملہ، القسام اور القدس بریگیڈز نے تل ابیب پر راکٹوں کی بارش کردی، بڑے پیمانہ پر تباہی

حماس  کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ اور اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز نے مشتترکہ طور پر اسرائیلی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب پر راکٹ حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں دشمن کو بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عزالدین القسام بریگیڈز نے ٹیلی گرام ایپلی کیشن پر اپنے چینل پر ایک بیان میں کہا کہ اس نے تل ابیب کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب راکٹ داغا گیا۔ اس کے بعد اسرائیلی علاقے میں سائرن بھی بجتا رہا۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ اللد اور الرملہ سمیت متعدد اسرائیلی قصبوں میں سائرن بجائے گئے۔

القسام بریگیڈز نے ٹیلی گرام پر کہا کہ اس نے شہریوں کے خلاف اسرائیلی قتل عام کے جواب میں تل ابیب پر راکٹوں کی بوچھاڑ کی ہے۔ القسام نے بتایا کہ اس سے قبل غزہ سٹی میں اسرائیلی افواج کے مراکز پر بھی بمباری کی گئی۔ تحریک اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے اعلان کیا کہ اس کے جنگجو غزہ سٹی میں شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں۔

القسام بریگیڈز نے مزید کہا کہ اس نے غزہ شہر کے شمال اور جنوب میں اسرائیلی فورسز کے ٹھکانوں کو درجنوں مارٹر گولوں سے بھی نشانہ بنایا ہے۔ جنگجوؤں نے شمالی غزہ کی پٹی میں بیت حانون میں ایک عمارت کے اندر تعینات اسرائیلی فٹ فورس کو چار اینٹی پرسنل اور اینٹی قلعہ بندی گولوں سے نشانہ بنایا۔ القدس بریگیڈز نے اعلان کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں کسوفیم بستی پر راکٹ فائر کر رہی ہے۔ غزہ شہر کے النصر محلے میں الرنتیسی ہسپتال کے قریب اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ ادھر القدس بریگیڈز نے بھی تل ابیب اور غزہ کےاطراف میں موجود یہودی کالونیوں اور اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو راکٹوں سے نشانہ بنا کر ان میں تباہی مچا دی۔

 ایک اور میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے آج سہ پہر لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کے دو ٹھکانوں پر تین راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔ فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز غزہ میں سات روزہ جنگ بندی کے خاتمے کے ساتھ ہی حزب اللہ لبنان کی طرف سے غاصب فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملے بھی شروع ہو گئے ہیں اور آج لبنان کی مزاحمتی فورسز نے اسرائیل کے ٹھکانوں پر تین الگ الگ حملوں کی اطلاع دی ہے۔

پہلے حملے میں حزب اللہ لبنان نے بتایا کہ اس نے لبنانی سرحد کے قریب “خربہ ماعر” کے فوجی ٹھکانے پر اسرائیلی فوج کے توپ خانے کو نشانہ بنایا۔ چند گھنٹے بعد ہی دوسرے حملے میں، لبنان کی اسلامی مزاحمت نے اعلان کیا کہ غزہ اور مزاحمت کی حمایت میں، اس نے “الراھب” کے فوجی ٹھکانے اور اس کے دفاعی ساز و سامان کو مناسب ہتھیاروں سے کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔

تیسرے حملے میں لبنانی حزب اللہ کے میزائل نے اسرائیلی فوج کے 91ویں ڈویژن کی کمانڈ سے تعلق رکھنے والے فوجی ٹھکانے “برانیت” کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اپنے توپ خانے سے ان حملوں کا جواب دینے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کا ایک جوان شہید ہوگيا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں