حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے ہی وزیراعلیٰ کون ہوگا، اسے لیکر تجسس برقرار ہے تاہم اب اس میں مزید اضفہ ہوگیا۔ تلنگانہ انتخابات میں منتخب کانگریس ارکان اور سینئر رہنماؤں میں اختلافات ابھر کر سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب تاخیر کا شکار ہوگئی
حکومت کی تشکیل پر حتمی فیصلہ کےلئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اپنے خصوصی مبصرین کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کچھ ناراض قائدین نے سونیا گاندھی سے شکایت کی تھی جس کے بعد معاملہ پر مزید بات چیت کےلئے اے آئی سی سی کے مبصرین کو دہلی طلب کیا گیا جہاں گرما گرم مباحث جاری ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آج اس سلسلہ میں حتمیٰ فیصلہ کیا جائے گا اور آج دوپہر یا شام میں راج بھون میں تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سی ایم عہدہ پر اتفاق ہوچکا ہے تاہم کابینہ اور وزیراعلیٰ کے کتنے نائبین ہوں گے اور وہ کون ہوں گے، اس پر غور و خوص جاری ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ اس پر بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔


