حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے چیرمین بی جناردھن ریڈی کا استعفیٰ قبول کرنے سے گورنر تملی ثائی سوندرا راجن نے انکار کردیا ہے جبکہ گذشتہ روز یہ خبر آئی تھی کہ گورنر نے جناردھن ریڈی کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے تاہم آج راج بھون نے ایک بیان جاری کرکے اس خبر کی تردید کی ہے۔
راج بھون نے واضح کیا کہ جناردھن ریڈی کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے کہاکہ وہ جناردھن ریڈی کا استعفیٰ یہ معلوم کیے بغیر قبول نہیں کر سکتے کہ گروپ 1 کے سوالیہ پرچہ لیک ہونے کا ذمہ دار کون ہے۔
دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی آج TSPSC کا بھی جائزہ لیں گے۔ پیپر لیک ہونے اور اس کے بعد ہونے والی پیش رفت کا حکام کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق ٹی ایس پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ گروپ 1 پیپر لیک ہونے کے معاملہ نے سیاسی حلقوں میں دھماکہ کیا تھا۔ اس کی وجہ سے بی آر ایس حکومت کے خلاف بیروزگاروں میں شدید غصہ دیکھا گیا۔


