حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ارکان اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں ریونت ریڈی نے پرانے شہر کی ترقی اور فلاحی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں موسی ندی سے متعلق ترقیاتی کاموں پر بھ تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔
قبل ازیں اکبر الدین اویسی نے نے یشودا ہاسپٹل پہنچ کر کے سی آر کی عیادت کی۔ ریونت ریڈی کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں مجلسی فلور لیڈر اکبرالدین اویسی نے دیگر مجلسی ارکان اسمبلی کے ساتھ شرکت کی۔ مجلس کے ارکان اسمبلی سے وزیراعلیٰ کی ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ حالیہ انتخابات میں گریٹر حیدرآباد کے حلقوں میں کانگریس کو ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی۔ تمام حلقوں پر مجلس، بی آر ایس اور بی جے پی کے امیدواروں نے جیت حاصل کی۔
مجلسی ارکان اسمبلی کے ساتھ منعقدہ وزیراعلیٰ کے اجلاس میں ڈی سریدھر بابو، ڈی نرسمہا کے علاوہ دیگر وزرا، ارکان اسمبلی و اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شہر حیدرآباد خاصکر پرانے شہر کی ترقی پر توجہ دی گئی۔


