حیدرآباد (دکن فائلز) گزشتہ چند دنوں سے ریاست تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ وہیں دن کے اوقات میں بھی درجہ حرارت کم ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ دیہی علاقوں میں سردی زیادہ ہے۔ حال ہی میں حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پورے تلنگانہ میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ آئندہ دو سے تین روز تک سردی کی شدت میں اور بھی اضافہ کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ لوگوں کو اس سلسلہ میں مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک افسر شروانی نے کہاکہ دو یا تین دن کے بعد سردی معمول پر آجائے گی۔ تاہم دسمبر کے آخری ہفتے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ رات کا درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری کم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت 12 سے 13 ڈگری کے درمیان ہے۔
شروانی نے مزید بتایا کہ تلنگانہ میں، سب سے کم درجہ حرارت ضلع میدک میں 12.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت بھدرادری کٹہ گڑم میں 18 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دن کا اوسط درجہ حرارت 28 اور 31 ڈگری کے درمیان درج کیا جارہا ہے۔
دن کے اوقات میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ضلع کھمم میں 31 ڈگری ہے سب سے کم درجہ حرارت حیدرآباد اور اس کے مضافات میں 28 سے 29 ڈگری کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روز سے مشرق کی جانب تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہی صورتحال مزید دو روز تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے ضعیف افراد اور بچوں کو دو تین دنوں کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔


