راجہ سنگھ کے بڑے بڑے خواب ۔۔۔۔، سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے حلقہ گوشہ محل سے بی جے پی کے رکن اسمبلی نے آخر کار اپنی حسرت کا اظہار کردیا، جو بات دل میں تھی آخر کار زبان پر آگئی۔ راجہ سنگھ نے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر پارٹی انہیں پارلیمانی انتخابات لڑنے کو کہے گی تو و اس کےلئے تیار ہے‘۔

2024 کے پارلیمانی انتخابات اپریل یا مئی میں منعقد ہوں گے جس کےلئے تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ راجہ سنگھ کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چونکہ حلقہ پارلیمان سکندرآباد سے کشن ریڈی بی جے پی کے متوقع امیدوار ہیں، ایسے میں راجہ سنگھ کو حلقہ حیدرآباد سے ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔

2019 کے پارلیمانی انتخابات میں حیدرآباد سے بی جے پی نے ڈاکٹر بھگونت راؤ کو ٹھہرایا تھا، انہیں دو لاکھ 35 ہزار ووٹ ملے تھے جبکہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے چوتھی بات اس حلقہ سے شاندار کامیابی حاصل کی تھی اور انہیں پانچ لاکھ سے زائد ووٹ حاصل ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں