تلنگانہ اسمبلی میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی اور اکبرالدین اویسی کے درمیان گرما گرم بحث

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں اسمبلی میں برقی واجبات معاملہ پر گرما گرم مباحث ہوئے۔ اس دوران وزیراعلیٰ ریونگ ریڈی اور مجلس کے فلور لیڈر اکبرالدین اویسی کے درمیان دلچسپ نوک جھونک ہوئی۔ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی انہیں ڈرانا چاہتی ہے تو وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ اکبرالدین نے واضح کیا کہ کرن کمار ریڈی کے دور حکومت میں انہیں جیل بھیجا گیا تھا اور وہ دوبارہ جیل جانے کے لیے تیار ہیں، وہ مسلمانوں کے مسائل پر ہمیشہ حکومت سے لڑتے رہیں گے۔ اس موقع پر اکبرالدین نے کانگریس کی جانب سے مفت بجلی سے متعلق کئے گئے وعدوں کو جلدازجلد پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اکبر الدین نے کانگریس حکومت اور ریونت ریڈی کے خلاف سنسنی خیز تبصرہ کیا۔

وہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی، اکبر الدین کی جانب سے کی گئی تقریر جس میں انہیں آر ایس ایس اور اے بی وی پی سے جڑے ہونے کا ذکر بھی شامل تھا پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مجلس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کانگریس مسلمانوں کی نمائندگی کو اسمبلی میں بڑھانا چاہتی تھی اسی لئے محمد علی شبیر اور اظہرالدین کو ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن مجلس نے انہیں ہرانے کےلئے کام کیا۔ ریونت ریڈی نے اکبر الدین کو اسمبلی میں مسائل پر ہی بات کرنے کا مشورہ دیا۔

اس دوران نائب وزیراعلیٰ بھٹی وکرامارکا اور وزیر سریدھر بابو نے مداخلت کرتے ہوئے سنجیدگی سے مباحث کرنے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں