حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس حکومت پرجا دربار کے ذریعہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔ عوامی مسائل کو حل کرنے کےلئے ریونت ریڈی نے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پرجا دربار کے انعقاد کا اعلان کیا تھا جسے ریاست بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ بہت سے لوگ سردی کی پرواہ کیے بغیر ساری رات پرجا دربار کےلئے قطار میں کھڑے رہے۔
آج پرجاوانی پروگرام کےلئے لوگوں نے شدید سردی کے باوجود صبح 4.30 بجے سے ہی یہاں آنا شروع کردیا تھا۔ حیدرآباد کے جیوتی راؤ پھولے پرجا بھون میں جہاں پرجا دربار ہر جمعہ کو منعقد کیا جارہا ہے ہیں ہر بار کی طرح آج بھی لوگوں کی بھیڑ امڈ پڑی اور اپنی اپنی شکایات کو حکومت کے سامنے پیش کرنے کےلئے لوگ ریاست بھر سے یہاں پہنچے۔
اطلاعات کے مطابق پرجا دربار میں ملازمین کے تبادلوں، پنشن، زمینوں پر قبضے اور ڈبل بیڈروم جیسے مسائل سے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں۔ حکومت کی جانب سے انہیں فوری طور پر حل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔


