بانسواڑہ کے نوجوان عالم دین محمد کبیرالدین سڑک حادثہ میں جاں بحق

حیدرآباد (دکن فائلز) یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ دی جاتی ہے کہ بانسواڑہ کے معروف نوجوان عالم دین محمد کبیرالدین کی ایک سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔ محمد کبیر الدین میڈپلی کے رہائشی تھے۔ مرحوم دعوت و تبلیغ کی محنت کے ساتھ جمعیت علماء اور مجلس تحفظ ختم نبوت جیسی دینی جماعتوں سے وابستہ تھے اور حج سوسائٹی کے ذریعہ سرگرم خدمات والد محترمہ کی سرپرستی میں انجام دیا کرتے تھے۔

محمد کبیرالدین انتہائی ملنسار اور خوش مزاج تھے۔ انہوں نے متعدد علمائے کرام اور حفاظ کرام کے ساتھ دینی خدمات انجام دیں، بالخصوص مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا ابرار الحسن رحمانی کے ساتھ بانسواڑہ و اطراف میں مساجد کی تعمیر میں بے مثال خدمات انجام دی تھیں۔

نوجوان عالم دین کے اچانک موت سے علاقہ کے علمائے کرام اور مسلمانوں میں غم کا ماحول ہے۔ دعا ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالی مرحوم کو شہادت کا مرتبہ عطاء فرمائے اور لواحقین بالخصوص یوسف بھائی (مرحوم کے والد) کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

آج 26 دسمبر 2023 بروز منگل بعد نماز ظہر عیدگاہ بانسواڑہ روبرو مسجد عبدالجبار میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں علمائے کرام، حفاظ کرام اور مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں