(ایجنسیز) دنیا بھر میں ایک بار پھر کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جا رہا ہے، کورونا ایک مرتبہ پھر دنیا کے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کی وجہ سے گزشتہ ماہ کووڈ-19 سے تقریباً 10,000 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسپین میں دوبارہ کورونا پابندیاں لگا دی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ہسپانوی حکومت نے کورونا پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے ہسپتالوں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔
اسپین میں فلو اورکووڈ انفیکشن کے پھیلاؤ کے سبب ملک بھر کے صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۫۔ ہسپانوی وزیرصحت مونیکا گارسیا نے بدھ سے ملک بھر کے صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے کیونکہ ملک کو فلو اور کووڈ انفیکشن کے عروج کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ ماہ تعطیلات کے دوران لوگوں کے ہجوم اور دنیا بھر میں پھیلنے والے وائرس کی نئی شکل کی وجہ سے انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے کہا کہ دسمبر میں تقریباً 10,000 افراد انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوئے جب کہ تقریباً 50 ممالک میں اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد میں 42 فیصد اضافہ ہوا۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق یورپ اور امریکہ سے ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے جنیوا میں اپنے ہیڈ کوارٹر سے میڈیا کو بتایا کہ اگرچہ ایک ماہ میں 10,000 افراد کی اموات کی تعداد اس وبا کے عروج کے لیے کم ہے انہوں نے کہا کہ یہ یقینی ہے کہ دیگر جگہوں پر بھی کیسز بڑھیں ہیں۔ جن کی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔
وہیں ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 514 نئے کووِڈ کیس رپورٹ ہوئے۔ 31 دسمبر 2023 کو ملک میں 841 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔


