حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد سے صرف 80 کیلومیٹر دور نلگنڈہ ضلع کے نارکٹ پلی میں اتوار کی رات اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب کچھ شرپسند عناصر کا ہجوم ایک کھلے پلاٹ پر جمع ہوکر مبینہ طور پر ہنومان مندر بنانے کی کوشش کررہا تھا جبکہ تقریباً تین ہزار گز پر مشتمل یہ زمین وقف اراضی ہے جس کے تحت ایک مسجد ہے جو وقف جائیداد کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہنگامہ کے وقت کچھ لوگ مسجد میں نماز ادا کررہے تھے، انہوں نے مولانا احسان الدین صدر جمعیۃ علماء، نلگنڈہ سے رابط کیا، جس کے بعد مولانا احسان الدین اور مفتی صدیق نے نلگنڈہ ایس پی چندنا دیپتی کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔ انہوں نےفوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس فورس کو موقع پر روانہ کیا۔ بعدازاں مسجد میں رکے نمازیوں کو دوسرے راستہ سے باہر لایا گیا۔
پولیس کے مطابق رام مندر کے افتتاح کے موقع پر کچھ تنظیموں سے وابستہ افراد مسجد کے قریبی مقام پر کیمپ لگاکر میٹھائی تقسیم کرنا چاہتے تھے تاہم حساس مقام ہونے کی وجہ سے انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی جس کے بعد انہوں نے دھرنا دیا تاہم پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے انہیں وہاں سے منتشر کردیا۔
وہیں مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان خالد نے واقعہ کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے خلاف پولیس نے کوئی کاروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، آر ایس ایس، وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے غنڈہ عناصر ماحول کو خراب کرنا چاہتے تھے تاکہ کانگریس حکومت کو بدنام کیا جاسکے۔ انہوں نے شرپسندوں پر فرقہ وارانہ فساد بھڑکانے کی کوشش کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
MBT demands action against anti-social elements for creating communal disturbance in Narketpally:
Amjed Ullah Khan (Spokesman) MBT demanded stern action against VHP, Bajrang Dal, RSS & BJP workers for trying to grab open land admeasuring 2840 Sq Yards of registered wakf land of… pic.twitter.com/iYyM6BcVHC
— Amjed Ullah Khan MBT (@amjedmbt) January 22, 2024
امجد اللہ خان نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ امجد اللہ خان آج مسجد سرائے میر جارہے تھے کہ انہیں راستہ میں چٹیال کے قریب روک لیا گیا۔ ایک اور اطلاع کے مطابق آج پولیس کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔


