پاکستان: سائفر کیس میں عمران خان کو 10 سال قید کی سزا

(ایجنسیز) پاکستان میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

آج آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے دفعہ 342 کے تحت دیے گئے سوالناموں کے جواب لیے گئے۔ سماعت کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماوں کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستانی عدالت نے صبح سے رات دیر گئے تک گواہان پر جرح کی تھی۔ جرح کے لیے عدالت کی جانب سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیشی کی اجازت نہیں مل سکی تھی۔ عدالت نے سرکاری وکلاء کے ذریعہ جرح کی۔

عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے خود جرح کرنے کی اجازت مانگی تھی لیکن عدالت نے ان کا حق جرح بھی ختم کر دیا۔ عمران خان کے وکلا اور اہل خانہ کی جانب سے اس معاملے پر احتجاج بھی سامنے آیا تھا۔ دوسری جانب عمران خان کی جانب سے سرکاری وکلا صفائی کی تقرری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں