پاکستان میں عام انتخابات کےلئے پولنگ کا عمل جاری، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا جبکہ پاکستانی وزارت داخلہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ پاکستان میں 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے نمائندے منتخب کریں گے۔ قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں سمیت چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔ 14 لاکھ 90 ہزار افراد پر مشتمل انتخابی عملہ ہے۔ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز اور دو لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ہر حلقے کا غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ ریٹرننگ آفیسر کے دفاتر سے جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں