ہولی کے نام پر مسلم خاندان کو ہراساں کیا گیا اور جبراً رنگ لگادیا، ضعیف خاتون کا بھی لحاظ نہ رکھا، شرمناک واقعہ پر بلالحاظ مذہب و ملت لوگوں نے ہندوتوا غنڈوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا (نفرت انگیز ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) آج صبح سے سوشل میڈیا پر اترپردیش کا ایک ویڈیو وائرل ہورہا ہے جس سے سیکولر ہندوستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ہندوتوا کا انتہائی خوفناک و شرمناک چہرہ ایک مرتبہ پھر آشکار ہوا ہے جس سے یہ اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ملک میں مسلمانوں کے خلاف کس قدر خوف و ہراس کا ماحول بنایا جارہا ہے۔

وائرل ویڈیو اترپردیش کے بجنور کا بتایا جارہا ہے، جس میں ایک غنڈوں کے گروپ کو مسلم خاندان کو ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بائیک پر جارہے مسلم خاندان جس میں ایک نوجوان اور دو خواتین تھیں کو کچھ انتہاپسند نوجوانوں نے بیچ سڑک پر روک کر مبینہ طور پر جبراً ان پر پانی اور رنگ ڈالا۔ غنڈوں نے انہیں زبردستی رنگ لگایا اور ہندو نعرے لگائے۔ غنڈوں نے ضعیف مسلم خاتون کا بھی لحاظ نہ کیا، بزرگ خاتون کے چہرہ پر بھی زبردستی رنگ لگایا اور ٹھنڈا پانی ڈالتے رہے جبکہ ضعیب مسلم خاتون نے انہیں ایسا نہ کرنے کےلئے کہہ رہی تھیں۔

نفرت انگیز و شرمناک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلالحاظ مذہب و ملت شدید ردعممل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ غنڈوں کی جانب سے ہنگامہ پر عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے بجنور پولیس نے بھی ایک ویڈیو جاری کرکے وضاحت پیش کی۔ لوگوں نے انتہاپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں پولیس نے اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے اور متاثرہ خاندان سے بھی بات کی جائے گی۔ پولیس نے پرامن انداز میں ہولی کھیلنے کی اپیل کی اور کسی پر بھی زبردستی رنگ نہ ڈالنے کی ہدایت دی۔

بجنور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 3 نابالغ ہیں۔ بجنور پولیس نے اس کارروائی کی اتوار کو جانکاری دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں