حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآبادکے عنبرپیٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ نامپلی کورٹ کے فرسٹ کلاس مجسٹریٹ نے خاندانی جھگڑے کی وجہ سے خودکشی کرلی۔ واقعہ کی تفصیلات کے بموجب مجسٹریٹ منی کانت (36) جو کہ پوچما بستی میں واقع سری ندھی ریزیڈنسی کے ساکن تھے نے اپنی رہائش گاہ میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
گھٹکیسر منڈل کے متھویلی گاؤں کی منی کانت نامپلی کورٹ میں ایکسائز کیسز کے خصوصی جج کے طور پر فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی شادی سات سال قبل محبوب نگر ضلع کے بھوت پور منڈل کی للیتا سے ہوئی تھی۔ تاہم پولیس کے مطابق گذشتہ دو سال سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے چل رہے تھے۔
جھگڑوں کی وجہ سے ان کی اہلیہ کچھ عرصہ سے علحدہ رہ رہی تھی۔ بالآخر بیوی کے ساتھ تنازعہ کی وجہ سے منی کانت نے خودکشی کرلی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔


