میکسیکو میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے رفح آپریشن کیخلاف احتجاج، پیٹرول بموں سے حملہ

(ایجنسیز) میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جو جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کے خلاف ریلی نکال رہے تھے۔ کچھ مظاہرین نے اپنے چہرے ڈھانپ رکھے تھے اور انہوں نے فسادات سے نمٹنے والی پولیس پر پتھراؤ کیا جس نے ان کا شہر کے لومس ڈی چیپل ٹیپیک محلے میں سفارتی کمپلیکس کو جانے والا راستہ روک دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی میں سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے URGENT ACTION FOR GAZAکے نام سے ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فورسز نے اتوار کے روز رفح میں اقوام متحدہ کی جانب سے سیف زون قرار دیے گئے مہاجرین کے کیمپ پر شدید بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 45 فلسطینی جل کر شہید اور درجنوں جھلس کر زخمی ہو گئے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا اور پتھراؤ بھی کیا گیا جبکہ مظاہرین کی جانب سے سفارتخانے کے باہر لگے حفاظتی بیرئیر ہٹانے کی کوشش کی گئی اور اسرائیلی سفارتی حدود میں بوتل بم پھینکے گئے جس سے آگ بھڑک اٹھی تاہم اسرائیلی سفارتخانے کی عمارت حملے میں مکمل طور پر محفوظ رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں