حیدرآباد: گھر کے سامنے نشہ کرنے پر اعتراض کرنا مہنگا پڑا، غنڈوں نے لاٹھوں اور پتھروں سے حملہ کردیا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے کچھ علاقوں میں آدھی رات کے بعد نشہ میں دھت غنڈہ عناصر کا راج دیکھا جارہا ہے۔ کتہ پیٹ علاقہ میں گانجے کا نشہ کرنے والے گروپ نے مقامی شخص پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کالونی میں کچھ غنڈہ عناصر سرعام نشہ کررہے تھے، اس دوران یہاں کے ایک مکان مالک جناردھن نائیڈو نے اعتراض کیا تو غنڈوں نے ان پر لاٹھوں اور پتھروں سے حملہ کردیا۔

https://x.com/TeluguScribe/status/1801646114707542407

غنڈوں کے حملہ میں جناردھن نائیڈو شدید زخمی ہوگئے انہیں مقامی لوگوں نے ہسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ خاندان نے سرور نگر پولیس میں اس معاملہ کی شکایت درج کرائی۔ پولیس نے غنڈہ عناصر کے خلاف فوری کاروائی کرتے ہوئے 7 ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ تین فرار بتائے گئے۔

ایل بی نگر کے ڈی سی پی پروین کمار نے کہا کہ گانجہ کے استعمال کے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتہ پیٹ واقعہ میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا مزید تین کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناردھن پر 10 لوگوں نے نشہ کی حالت میں حملہ کیا جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ڈی سی پی پروین نے علاقہ کے لوگوں کو یقین دلایا کہ 24 گھنٹے پولس گشت کررہی ہے۔ کالونی کے مکینوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں