اب مغربی بنگال میں مسلم نوجوان کی ماب لنچنگ: طوفان شیخ کو ہجوم نے لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا، 9 گرفتار (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) مغربی بنگال کے بیر بھوم میں عیدالاضحیٰ کے روز 19 سالہ مسلم نوجوان طوفان شیخ کو ہجوم نے ایک کھمبے سے باندھ کر لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ انقلاب کی رپورٹ کے مطابق اس معاملہ میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے 9 ملزمین کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

وہیں طوفان شیخ کے بڑے بھائی محمد بلال شیخ نے بتایا جہ ’’وہ (طوفان) ہمارے خاندان کے ایک فرد (طالب شیخ) کے ساتھ اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھا، اور قربانی کا گوشت تقسیم کرنے کیلئے ایک رشتہ دار کے گھر جا رہا تھا۔ اس دوران گوشت کی ایک تھیلی سڑک پر گر گئی۔ میرے بھائی نے اسے لینے کیلئے یوٹرن لیا تو اسے مقامی لوگوں نے گھیر لیا۔ انہوں نے اس پر جان بوجھ کر مندر کے سامنے گوشت کی تھیلی پھینکنے کا الزام عائد کیا اور ہنگامہ کھڑا کردیا۔ انہوں نے ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے تشدد کیا۔

محمد بلال شیخ نے سوال کیا کہ اگر میرے بھائی کا ارادہ کچھ اس طرح ہوتا تو پھر وہ گوشت کی تھیلی لینے کیلئے واپس کیوں آیا؟ بلال نے بتایا کہ ہجوم نے موٹر سائیکل کو تباہ کردیا اور طوفان کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اس کی کمر اور کندہ پر شدید چوٹیں آئیں۔ ہجوم نے اس دوران طالب کے پیروں پر بھی مارا اس سے پیر زخمی ہوگئے۔

اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس کے ریاستی سیکریٹری شیخ خورشید عالم نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے مقام کا دورہ کیا اور مارگرام پولیس اسٹیشن، بیر بھوم سے ایف آئی آر جمع کی۔ ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ ایک مخصوص تنظیم کے کچھ لوگ اس معاملے کو فرقہ وارانہ مسئلہ بناکر بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں