میدک فرقہ وارانہ تشدد: ہندوتوا لیڈروں کی رہائی کے دو دن بعد 6 مسلم نوجوانوں کی ضمانت منظور

حیدرآباد (دکن فائلز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہندوتوا تنظیموں سے وابستہ شدت پسندوں نے قربانی کے جانوروں پر غیرضروری اعتراض کرتے ہوئے تلنگانہ کے میدک میں ہنگامہ برپا کیا تھا، جس کے بعد علاقہ میں دو دنوں تک حالت انتہائی کشیدہ تھے۔ حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ خود آئی جی رنگناتھ نے علاقہ کا دورہ کرکے عہدیداروں کو سخت ہدایت دی تھی۔
اس دوران اشرار کے حملوں میں متعدد مسلم نوجوان زخمی ہوگئے تھے اور پرتشدد واقعات میں املاک اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ پولیس نے ہنگامہ اور تشدد بھڑکانے کے الزام میں ہندوتوا تنظیموں کے متعدد لیڈروں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا تاہم پولیس نے اس دوران متعدد مسلم نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔

تین روز قبل ہندتوا لیڈروں کی ضمانت منظور ہوئی تھی اور 24 جون کی رات وہ چرلہ پلی جیل سے رہا ہوگئے تھے۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں نے جیل کے باہر ملزمان کا استقبال کیا اور جشن منایا۔

آج میدک کورٹ نے 6 مسلم نوجوانوں کو ضمانت دے دی، جنہیں بہت جلد سنگاریڈی جیل سے رہا کردیا جائے گا۔ معین الدین عرفان، محمد خالد ، سید عمر محی الدین، میسن بن عبد الله، شیخ نائب اور سید معراج اللہ کی آج ضمانت منظور ہوگئی۔ ایڈوکیٹس جیون راؤ اور سید آصف حسین نے 6 مسلم نوجوانوں کی عدالت میں پیروی کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں