انتہاپسند اسرائیلی وزیر کا مسجداقصیٰ پر دھاوا، حماس کی شدید مذمت

(ایجنسیز ) انتہاپسند اسرائیلی وزیر بین گویر نے کمانڈوز کے ساتھ مسجداقصیٰ پر دھاوا بول دیا۔ حماس نے آج صبح انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بولنے کی شدید مذمت کی ہے۔

حماس نے کہا کہ وزیر کا یہ اقدام ایک “خطرناک اضافہ” ہے اور تنظیم نے اسلامی تعاون کی تنظیم اور عرب لیگ سے مقدس مقام کی “ان نظامی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدام” کرنے کا مطالبہ کیا۔ فلسطینی اسلامک جہاد نے بین گویر کے اقدام کو آگ سے کھیلنے کے مترادف قرار دیدتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ مقدس مقام کی خلاف ورزیوں کو روکیں۔

فلسطین اسلامک جہاد نے کہا کہ اسرائیلی وزیر نے مسجداقصیٰ کے تقدس کو پامال کیا ہے اسرائیلی وزیر کا اقدام یہودیوں کے کنٹرول کو بڑھانےکی کوشش ہے، اسرائیلی جرائم پراسلامی اورعرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ پاپولر فرنٹ فاردی لبریشن آف فلسطین نے بھی اسرائیلی حملوں کا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی ذمہ دار کی جانب سے مسجد الاقصی پر حملہ کرنے اور اسرائیلی کنیسٹ کی جانب سے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسترد کرنے کی قرار داد کی منظوری پر سخت مذمت کی ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے اسلامی مقدسات پر جارحانہ عمل اور بین الاقوامی ضوابط و قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیاں کسی طرح قابل قبول نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں