تلنگانہ کے جگتیال میں نامعلوم شرپسندوں نے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں پر گلال پھینک دیا، ایف آئی آر درج، اسدالدین اویسی نے مقامی مسلمانوں کے صبر و تحمل کی ستائش کی

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں جگتیال کے رحمت پورہ علاقہ میں شرانگیزی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق رات دیر گئے گھروں کے سامنے کھڑی گاڑیوں پر نامعلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر گلال پھینک کر فرار ہوگئے۔ صبح جب مقامی لوگ بیدار ہوئے تو دیکھا کہ گاڑیوں پر گلال چھڑکا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ 16 ستمبر کی رات نگالے گئے گنیش جلوس کے دوران کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے علاقہ میں کشیدگی کو ہوا دینے کےلئے ایسی حرکت کی گئی۔

مقامی مسلمانوں نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایف آئی آر درج کرکے تحقیات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گنیش جلوس گذرنے کے دوران اتفاق طور پر گلال گاڑیوں پر گرگیا ہوگا۔

جگتیال سب ڈویژنل پولیس افسر رگھو چندر نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس نے مقامی لوگوں کی موجودگی میں صاف صفائی کی کاروائی انجام دی۔

https://x.com/asadowaisi/status/1835948494718394842

وہیں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ایکس پر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ غیرسماجی عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں جنہوں نے رحمت پورہ میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی‘۔ انہوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور امن برقرار رکھنے پر مقامی لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے جگتیال کے ایس پی اشوک کمار نے کہا کہ ’جگتیال ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں