تلنگانہ : نارائن پیٹ میں میلاد النبی کے جھنڈوں پر شرپسندوں کا غیرضروری اعتراض، مسلم نوجوانوں کا زبردست احتجاج، ہجوم کو منتشر کرنے پولیس کا لاٹھی چارج، علاقہ میں کشیدگی

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں وقارآباد ضلع کے نارائن پیٹ قصبہ میں میلاد النبی کے موقع پر جھنڈے لگائے گئے جس پر کچھ شرپسندوں نے اعتراض کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا۔

واضح رہے کہ مسلمانوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلاد النبی کا جشن 16 ستمبر کے بجائے 19 ستمبر کو منانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ہندو برادری کا گنیش تہوار پرامن انداز میں منعقد ہوسکے۔ اب جبکہ گنیش تہوار کا پورے تلنگانہ میں یکا دکا واقعات کو چھوڑ کر پرامن اختتام عمل میں آیا، شرپسند عناصر میلاد النبی کے جشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ ریاست کے پرسکون ماحول کو بگاڑا جاسکے۔

میڈیا رپورٹس اور ذرائع کے مطابق چہارشنبہ کی رات نارائن پیٹ کے پرانے بس اسٹانڈ جنکشن پر مسلم نوجوانوں نے جشن میلاد النبی منانے کے لئے جھنڈوں کو سڑک پر پھینک دیا۔ اس کے بعد دونوں کمیونیٹی کے لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور نعرے بازی کرنے لگے۔ اس موقع پر حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے تاہم پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے حالات کو مزید بگڑنے سے روک لیا۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران لاٹھی چارج کرکے پولیس نے ہجوم کو منتشر کردیا۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ علاقہ میں پولیس فورس کو بڑی تعداد میں تعینات کیا جارہا ہے۔

آخری اطلاع ملنے تک علاقہ میں تناؤ جیسی صورتحال برقرار تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں