حیدرآباد (دکن فائلز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے راشن کارڈ جاری کرنے کے لئے 2 اکتوبر سے درخواستیں وصول کریں۔ سی ایم ریونت ریڈی نے راشن کارڈ جاری کرنے کے لیے ٹھوس ایکشن پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر کے ذریعہ راشن کارڈس کے اجراء سے متعلق طریقہ کار پر منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی قیادت کی۔
اس میٹنگ میں وزراء اتم کمار ریڈی، پی سرینواس ریڈی، دامودر راج نرسمہا کے علاوہ سی ایس شانتی کماری، چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری وی شیشادری، چیف منسٹر کے سکریٹریز چندر شیکھر ریڈی، سنگیتا ستیہ نارائنا، مانک راج، ریاستی محکمہ خزانہ کے اسپیشل سکریٹری رامکنا اور دیگر موجود تھے۔
وزارتی ذیلی کمیٹی ریاست میں نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا طریقہ کار وضع کررہی ہے۔ اس ترتیب میں متعلقہ خاندانوں کی سالانہ آمدنی کی حد کا بھی تعین کیا جائے گا۔ کمیٹی اس سلسلہ میں کام کررہی ہے اور سول سپلائی کمشنر ڈی ایس چوہان کی قیادت میں کئی عہدیداروں نے گجرات، کرناٹک، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش ریاستوں میں نافذ طریقہ کار کا مطالعہ کیا۔


