حیدرآباد: سعیدآباد کے اپارٹمنٹ میں این آئی اے کی ٹیم نے مبینہ عسکریت پسند رضوان کے فلیٹ کی تلاشی لی

حیدرآباد (دکن فائلز) نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے عہدیداروں نے اتوار کو حیدرآباد میں تلاشی کاروائی کی۔ این آئی اے کے اہلکاروں نے سعید ااباد کے شنکیشور بازار گرین ویو اپارٹمنٹ میں تلاشی لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تلاشی کاروائی تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

اطلاعات کے مطابق یہ کاروائی دہلی میں مبینہ عسکریت پسند رضوان عبداللہ کی گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ رضوان عبداللہ پر داعش سے وابستہ عسکریت پسند ہونے کے الزام میں 3 لاکھ روپئے انعام بھی رکھا گیا تھا۔ وہ ملک کی سیکوریٹی ایجنسیوں کو انتہائی مطلوب تھا۔

رضوان کو گذشتہ ماہ اگست میں دہلی کے گنگابخش مارگ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے قبضہ سے 30 بور پستول، 3 کارتوس اور 2 موبائیل فون ضبط کئے گئے تھے۔ اس کا تعلق پونے سے بتایا گیا ہے تاہم وہ کچھ عرصہ تک حیدرآباد کے سعید آباد علاقہ میں واقع گرین ویو اپارٹمنٹ میں مقیم تھا۔

رضوان کی گرفتاری کے بعد کی گئی پوچھ گچھ کی بنیاد پر این آئی اے کی ٹیم نے آج سعید آباد سرور نگر میں واقع گرین ویو اپارمنٹ میں ایک فلیٹ کی تلاشی لی جہاں رضوان رہا کرتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں