حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت موسیٰ ندی کو خوبصورت و دلکش بنانے کےلئے منصوبہ بنارہی ہے تاہم حکومت کے منصوبہ کے خلاف عوام میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ موسیٰ ندی کے کنارے آباد ہزاروں افراد نے حائیڈرا کی امکانی کاروائی کے خلاف شدید احتجاج کرنے کا من بنالیا ہے اور وہ سڑکوں پر اترآئے۔
تفصیلات کے مطابق موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے تحت ندی کے کنارے بنائے گئے مکانات کو ہٹانے کےلئے حکومت منصوبہ بنارہی ہے۔ قبل ازیں حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ جن لوگوں کے مکانات منہدم کئے جائیں گے انہیں ڈبل بیڈروم فلیٹ دیا جائے گا، لیکن لوگوں کی جانب سے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
جیسے ہی سرکاری حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں سروے کا آغاز کیا گیا اور کچھ مکانات پر نمبرات کے نشان لگائے گئے لوگوں کا غصہ بھڑک اٹھا جس کے بعد رنگاریڈی، حیدرآباد اور نلگنڈہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں لوگوں نے حائیڈرا کی امکانی کاروائی کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاج کا سلسلہ ٹیپو برج سے شروع ہوکر ضلع نلگنڈہ کے علاقہ تک جاپہنچا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1839572016434651418
اطلاعات کے مطابق لنگرحوض مغل کا نالہ، عطاپور، چادر گھاٹ، موسیٰ نگر، کمل نگر، عنبرپیٹ، موسیٰ رام باغ کے علاوہ دیگر علاقوں میں لوگوں نے حکومت کے منصوبہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا۔ موسیٰ ندی کے کنارے آباد ہزاروں لوگوں نے حکومت کو بڑے پیمانہ پر احتجاج شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً 20 سال سے یہاں آباد ہیں اور ان گھروں سے ان کے خواب جڑے ہیں۔ بعض خواتین نے کہا کہ قرضہ لیکر بڑی مشکلوں سے گھروں کو تعمیر کیا گیا۔ گھروں کی تعمیر میں زندگی بھر کی ساری پونجی لگ گئی۔ اب ایسے میں ہمارے گھروں کو ہم سے چھینا نہیں جاسکتا اور ان گھروں کا بدل صرف دو بیڈروم فلیٹ نہیں ہوسکتا۔ متاثرین نے یہ بھی کہا کہ بعض مکانات دو اور تین منزلہ بھی ہے، ایسے میں انہیں د بیڈروم فلیٹ دینا ناانصافی ہوگا۔ یہاں آباد صدفیصد لوگ انتہائی غریب ہیں۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1839575627952779753
اس دوران سماجی کارکنوں کے ایک وفد نے ریاستی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کمیونٹی کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے رہنماؤں اور سرکاری افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے بھی احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے حقوق کا تحفظ کرنے کےلئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔
وہیں دوسری طرف کانگریس کو چھوڑ کر تمام سیاسی پارٹیوں کی جانب سے حائیڈرا کی کاروائیوں کی مذمت کی جارہی ہے۔


