موسیٰ ندی معاملہ پر حائیڈرا کمشنر رنگناتھ کا بڑا بیان

حیدرآباد (دکن فائلز) موسیٰ ندی معاملہ اب سیاسی طور پر شدت اختیار کرگیا ہے۔ مجلس کی جانب سے بھی حکام کے طرز عمل کو لیکر شدید تنقید کی گئی اور احتجاج بھی کیا گیا۔ اس سلسلہ میں عوام کا غصہ بھی شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ لوگوں نے سروے اور گھروں پر کی جارہی مارکنگ پر سوال اٹھائے اور خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اس دوران حائیڈرا کے کمشنر رنگناتھ نے اس معاملہ میں بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی معاملہ سے حائیڈرا کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ موسی ندی پراجکٹ پر حائیڈرا کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کیا جارہا سروے سے بھی حائیڈرا کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حائیڈرا کی جانب سے نہ ہی مارکنگ کی جارہی ہے اور نہ کوئی انہدامی کاروائی کا منصوبہ ہے۔ رنگناتھ نے کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کےلئے تلنگانہ حکومت نے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن بنایا ہے اور اس کی جانب سے ہی اس سلسلہ میں کوئی کاروائی کی جاسکتی ہے۔ اس معاملہ سے حائیڈرا کے نام کو غیرضروری گھسیٹا جارہا ہے۔ کمشنر حائیڈرا نے کہا کہ سروے کا کام، مکانات کی مارکنگ، لوگوں کو منتقل کرنا اور دیگر امور کےلئے موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ذمہ دار ہے۔

وہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے اپوزیشن کی تنقیدوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ایجنڈہ میں موسیٰ ندی کی صفائی کا پراجکٹ شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی میں ابھی تک ایک بھی غریب کا گھر نہیں گرایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں